عدالت عظمیٰ‘فحش وڈیو شیئر کرنیوالے ملزم کی درخواست ضمانت خارج

180

اسلام آباد(آن لائن)عدالت عظمیٰ نے سوشل میڈیا پر بچوں کی فحش ویڈیو شیئر کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ چائلڈ پورنو گرافک مواد پھیلانا معاشرے کو کھوکھلا کرنا ہے۔ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں جسٹس مظہر علی اکبر نقوی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سوشل میڈیا پر بچوں کے غیر اخلاقی جنسی مواد پھیلانے کے مبینہ ملزم عمر خان کی درخواست ضمانت کے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ معاشرے پر اس کے اثرات اور ملزم کے
خلاف اکھٹے کیے گئے مواد کی بنیاد پر اسے ضمانت نہیں دی جاسکتی۔گزشتہ روز عدالت نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ فخش وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانا معاشرے کو کھوکھلا کرنے جیسا سنگین جرم ہے۔د ملزم نے اپنے موبائل فون سے فیس بک پر چائلڈ پورنوگرافی مواد شیئر کیا اور فیس بک انتظامیہ نے خود ایف آئی اے سے رابطہ کرکے ملزم کے خلاف معلومات فراہم کیں جبکہ ایف آئی اے نے تفتیش کے بعد ملزم کے خلاف الیکٹرونک کرائمز کے تدارک کے قانون کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لیا۔ملزم سے بر آمد ہونے والے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ سے ثابت ہوا کہ ملزم بچوں کے غیر اخلاقی جنسی مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے میں ملوث ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم اپنے فعل سے معاشرے کو کھوکھلا کررہا ہے اوراس سے معاشرے میں کہرام مچاہے جو بچوں کی اخلاقیات اور مستقبل کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔