حافظ نعیم کی متاثرین نسلہ ٹاور کو معاوضہ و متبادل د لوانے کی درخواست

448

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ‘  نسلہ ٹاور انہدامی کیس کی سماعت میں شرکت کے لیے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچ گئے، چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوئے اور ان سے درخواست کی کہ سندھ حکومت کو پابند کیا جائے کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضہ و متبادل دیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے متاثرین کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  کراچی بھر میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ داران اور اس میں ملوث اداروں کے اہلکاروں و افسران کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، منہدم کی جانے والی تمام تعمیرات کے متاثرین کو زر تلافی کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

 حافظ نعیم نے کہا کہ ہم چیف جسٹس کی خدمت میں نسلہ ٹاور سمیت شہر بھر میں انہدامی کارروائیوں کے باعث متاثر ہونے والوں سمیت کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کا مقدمہ لے کر گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اہل کراچی کے لیے ہم ہر فورم پر جائیں گے اور آواز اُٹھائیں گے، بد قسمتی سے کراچی کو کوئی پارٹی اور حکومت اُون کرنے پر تیار نہیں ، جن لوگوں نے اپنی جمع پونجی لگا کر خریداری کی ہے ان کو کس قانون اور ضابطے کے تحت بے دخل کیا جا سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ داران کے خلاف کوئی اقدامات اور کارروائیاں کیوں نہیں کی جارہی کتنے متاثرین کو معاوضہ و متبادل دیا گیا ہےغیر قانونی تعمیرات چند دنوں میں یا اچانک نہیں بلکہ برسوں میں ہوئی ہیں ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اور حکومت کی سرپرستی میں یہ عمل جاری رہا۔ ان میں سے کسی کو آج تک سزا کیوں نہیں ملی