فلاحی کاموں سے ذہنی طور پر خود کو پرسکون محسوس کرتا ہوں،گورنر بلوچستان

353

کوئٹہ:گورنر بلوچستان ظہوراحمد آغا نے کہاہے کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے ،فلاحی کاموں سے ذہنی طورپر پرسکون محسوس رہتاہوں تمام لوگوں کو مل کر بلوچستان کی ترقی کیلئے کردارادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ بی آر ایس پی کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی بحالی پر خراج تحسین پیش کرتاہوں ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی) اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ(پی پی اے ایف ) کے زیراہتمام گورنر ہاس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ظہورآغا نے کہاکہ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کوبلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی کام پرخراج تحسین پیش کرتاہوں آج کے تقریب سے نہ صرف ذہنی سکون ملا ہے بلکہ ایک خوشی محسوس ہورہی ہے ،اپنے آپ کو متوسط طبقے کے لوگوں میں پاکر دلی سکون ملتاہے۔

انہوں نے کہاکہ تمام لوگوں کو مل کر بلوچستان کی ترقی کیلئے کردارادا کرنے کی ضرورت ہے حکومت بلوچستان ،بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام،پی ڈی ایم اے،احساس پروگرام نے ہرنائی زلزلہ متاثرین کے بحالی کیلئے جس طرح کام کیا وہ قابل تحسین عمل ہے۔اسپیشل افراد کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی پروگرام کا آغاز کریں گے تاکہ وہ احساس کمتری میں مبتلانہ ہوں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ حاجی نورمحمددمڑ نے کہاکہ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی کیلئے اقدامات خوش آئند ہے ،امید ہے کہ ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات جاری رہیںگے ۔بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر نادر گل بڑیچ نے کہاکہ ہم نے اپنی سطح پر عوام کی زندگی کی بہتری کیلئے ہمہ وقت جدوجہد کی ہے تاہم آئندہ بھی یہ عزم ہوگی کہ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کیلئے تیار رہیں ،ہرنائی زلزلہ متاثرین کے ساتھ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں ۔

نادرگل بڑیچ کا مزید کہناتھا کہ آئندہ بھی کوشش ہوگی کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ سے صوبہ بلوچستان میں مزید فلاحی کام کرے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی فلاو بہبود کیلئے کام کریں۔