افغانستان میں خراب صورتحال کا دہشتگرد فائدہ اٹھائیں گے،فواد چوہدری

276

اسلام آباد (آن لائن) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان میں صورتحال خراب ہونے کی صورت میں القاعدہ، داعش، کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان میں اپنے مراکز قائم کر سکتی ہیں ‘ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے افغانستان میں استحکام ناگزیر ہے‘ دنیا کو افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے آگے آنا ہوگا‘ بھارت نے پاکستان کے خلاف کئی معاملات پر غلط اور جعلی پروپیگنڈے کیے‘ فیک نیوز کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں ہونی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی سفارت خانوں کے پریس اتاشیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ایم ڈی اے کا آئیڈیا تجویز کرنے کا مقصد تمام میڈیا قوانین کو یکجا کرنا تھا‘ ریگولیشن کے موجودہ میکنزم کے تحت نصف درجن سے زاید فرسودہ قوانین موجود ہیں جو جدید دور کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتے‘ ہم ان قوانین کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے ملک میں صاف شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں‘ بلاول زرداری کو تو لاڑکانہ کی گلیوں کا بھی نہیں پتا‘ ووٹنگ مشین پر میکنزم بن چکا ہے صرف اتفاق رائے چاہتے ہیں‘ کور کمیٹی کا اجلاس معیشت اور مہنگائی سے متعلق تھا‘خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے معاملات بھی زیربحث آئے‘ کورکمیٹی اجلاس میں پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ کورونا کے باعث اس کی عالمی سطح پر جاری لہر ہے ‘مستری ، پلمبرز ، دکانداروں سمیت کئی طبقات کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صرف آدھے گھنٹے کے نوٹس پر عدالت عظمیٰ پہنچے‘کور کمیٹی نے وزیراعظم کی پیشی کو سراہا ہے۔