افغان سرزمین پر ریاست پاکستان کے مخالف کوئی عناصر موجود نہیں، افغان وزیرِ خارجہ

221

افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر ریاست پاکستان کے مخالف کوئی عناصر موجود نہیں، سمجھ نہیں آتی ایسا کیا کریں کہ امریکہ اور دوسرے ممالک ہمیں تسلیم کرلیں۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کے دوران افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین سیزفائر معاہدہ خوش آئند ہے ، فریقین کے مابین مذاکرات کیلئے سہولت دے رہے ہیں، توقع کرتے ہیں عارضی جنگ بندی مستقل امن معاہدے میں تبدیل ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو بڑی فوج کی ضرورت نہیں، ہم مختصر اورباصلاحیت فوج تشکیل دیں گے، ہماری حکومت وسیع البنیادہے، تمام قومیتیں شامل ہیں، اداروں میں خواتین 100 فیصد واپس آچکی ہیں، تعلیمی اداروں میں 75 فیصد خواتین واپس ڈیوٹی پرآچکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمجھ نہیں آتی کہ ایسا کیا کریں کہ امریکا و دیگر ممالک ہمیں تسلیم کر لیں۔