سنی اتحاد کونسل نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے شیخ وقاص اکرم کو نامزد کردیا

185

اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے شیخ وقاص اکرم کو نامزد کردیا یہ پوسٹ تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی سے نکالے جانے پر خالی ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو پارٹی کے نامزد امیدوار کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پوسٹ تنازع بن گئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی کی سیاسی کمیٹی سے نکال دیا گیا جس سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے درمیان لفظوں کی جنگ چھڑ گئی اس سے قبل پارٹی نے شیر افضل مروت کو اس پوسٹ پر نامزد کیا تھا انہوں نے پارٹی قیادت پر کھل کر تنقید کی ۔

اس سے قبل 11 مئی کو پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ’غیر ذمہ دارانہ بیان دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

نوٹس پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے جاری کیا گیا تھا جس میں شیر افضل مروت سے کہا گیا تھا کہ وہ تین دن میں اپنے بیانات کی وضاحت کریں، جو پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے سمجھے گئے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا کہ اس طرح کے بیانات پارٹی کے نظم و ضبط کے خلاف ہیں اور پارٹی کے بانی عمران خان کی واضح ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جنہوں نے ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔