مقبوضہ کشمیر ،مزید 5 کمپنیاں تعینات ،مجاہدین کے حملے میں 2 فوجی ہلاک

320

سری نگر(اے پی پی+صباح نیوز)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مزید5 کمپنیاں تعینات کی جارہی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ کمپنیاں ان 50کمپنیوں کے علاوہ ہیں جنہیں حال ہی میں بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کے لیے تعینات کیا،ان میں سے 30کمپنیوں کو صرف سری نگر میں تعینات کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سی آر پی ایف کی5 مزید کمپنیاں ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیرمیں تعینات کی جائیں گی۔علاوہ ازیںمقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں سخت ترین سیکورٹی کے باوجود کشمیری مجاہدین کے ایک گرینیڈ حملے میں سینٹر ل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف) کے 2اہلکار ہلاک جبکہ 2 دیگر زخمی ہوگئے تاہم سرکاری طور پر ایک شہری سمیت2اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ، قابض بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے سری نگر میں تلاشی کی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں ۔