برطانیہ نے سائنوویک، سائنوفارم کو منظور شدہ ویکسینز میں شامل کرلیا

387

برطانوی حکومت نے 22 نومبر سے منظور شدہ ویکسینز کی فہرست میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینز سائنو فارم، سائنوویک اور کوویکسین کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر برائے پاکستان کرسچن ٹرنر نے اس پیش رفت کو پاکستانی مسافروں کے لیے خوشخبری قرار دیتے ہوئے اس کے بارے میں ٹوئٹر پر آگاہ کیا۔اس اقدام کا مطلب ہے کہ وہ پاکستانی مسافر جنہوں نے مذکورہ بالا تینوں ویکسینز کی مکمل خوراک حاصل کرلی ہے انہیں گھر میں لازمی قرنطینہ سے استثنیٰ حاصل ہوگا اور صرف دوسرے روز ٹیسٹ کروانا ہوگا۔مسافروں کے پاس منظور شدہ ویکسین کے مکمل کورس کے ساتھ مکمل ویکسی نیشن کا ثبوت ہونا چاہیے۔مزید برآں انہوں نے انگلینڈ پہنچنے سے کم از کم 14 دن پہلے ویکسین کی آخری خوراک لی ہو اور ان 14 دنوں میں ویکسین کا آخری دن شمار نہیں ہوگا۔اس اعلان سے قبل پاکستان سے آنے والے وہ مسافر جنہوں نے یہ ویکسین لگوائی تھی، انہیں برطانیہ پہنچنے پر 10 دن کے لیے گھر میں قرنطینہ کرنا پڑتا تھا۔اگرچہ اس پیش رفت سے مسافروں کو سہولت ملے گی لیکن اس میں اسپوتنک کو ویکسین کی منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔اسپوتنک، پاکستان میں لگائی جانے والی 7 ویکسینز میں سے ایک ہے جن میں فائزر، موڈرنا، ایسٹرازینیکا، سائنوفارم، سائنوویک اور کین سائنو شامل ہیں۔