جوہری مذاکرات کی بحالی کیلئے ایران رضامند

393

جوہری مذاکرات پر ایران کی رضا مندی کے بعد امریکہ نے کہا ہے کہ ایران “نیک نیتی” کا مظاہرہ کرے.

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کو جلد بحال کرنا اب ممکن ہے۔

ایران کے جوہری مذاکرات کار نے برسلز میں یورپی یونین کے ثالثوں کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ تہران نے آئندہ ماہ ویانا میں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ بات چیت جون سے تعطل کا شکار تھی۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا، “ہم ویانا واپس جانے کے لیے تیار ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ 2015 کے جوہری معاہدے کے ساتھ باہمی مفاہمت پر جلد پہنچنا اور اس پر عمل درآمد ہونا ممکن ہے۔”

“جیسا کہ ہم یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ یہ سنہری موقعہ ہمیشہ کیلئے نہیں ہوتا کیونکہ ایران اشتعال انگیز جوہری اقدامات کرتا رہتا ہے، اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ جلد اور نیک نیتی سے مذاکرات کے لیے ویانا میں شرکت کرے گا۔”، ترجمان نے مزید کہا.