پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، شاہ محمود قریشی

270

تہران: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان بھائیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاشی معاونت کو یقینی بنائے، پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو کہ جغرافیائی قربت، مشترکہ سرحدوں اور امن و ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے مابین حالیہ اعلی سطح کے روابط کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں، وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے ایرانی صدر کو تہنیتی پیغام پیش کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کی اعلی قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ایران کی مسلسل حمایت اور تائید پر صدر رئیسی کا شکریہ ادا کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی طرف سے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت نے مظلوم کشمیریوں کا حوصلہ بڑھایا ہے۔

وزیر خارجہ نے صدر رئیسی کو افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا، انہوں نے افغانستان کی مخدوش اقتصادی صورتحال کے پیش نظر،عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان بھائیوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاشی معاونت کو یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے پڑوسیوں کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی تشکیل کے لیے مشاورتی عمل کا جاری رکھنا ضروری ہے کیونکہ علاقائی امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کیلئے افغانستان میں قیام امن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ایران کے صدر رئیسی نے وزیر خارجہ کو ایران آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے، وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے مابین روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صدر رئیسی کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا،صدر رئیسی نے دعوت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ باہمی مشاورت سے مناسب تاریخ پر پاکستان کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے صدارتی محل میں ملاقات کے وقت افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر محمد صادق، تہران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔