پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج یوم سیاہ کشمیر منایاجارہا ہے

278

مظفرآباد: مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں ، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 27اکتوبر1947مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دِن ہے، 27اکتوبر 1947کو بھارت نےاپنی غاصب فوج کووادی میں اُتارا تھا اورہندوستان آج تک اپنے جارحانہ اور غاصبانہ طرز عمل پر کار بند ہے۔

ریاستی دہشتگردی کے 74سال  بعد بھی ہندوستان آج تک غاصبانہ طرزِعمل پر کاربند ہے،  27 اکتوبر 1947کو بھارت نےتمام عالمی قوانین کو پامال کرتےہوئےکشمیر پرقبضہ کیا۔

بھارت نےاقوامِ متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی تھی اور تقسیم ِہند کےوقت ریاستوں کو اختیار دیا گیاکہ وہ استصوابِ رائےسے مستقبل کافیصلہ کریں جبکہ کشمیریوں کی مقامی قیادت نے کشمیر کے پاکستان کےساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا۔

مہاراجہ ہری سنگھ نےساز بازکرکے ہندوستان کے ساتھ ایک جعلی معاہدہ کیا، مہاراجہ نے کشمیریوں کی 77 فیصد اکثریت کی خواہشات کونظر اندازکیا اور کشمیر کا الحاق انڈیا کےساتھ کردیا اور بدترین جنگی جرائم کامرتکب ہوا۔

واضح رہے ہندو انتہا پسند بی جے پی کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی پر تلی ہوئی ہےاور اس کا واضح ثبوت واچ جینو سائیڈ نے دُنیا کے سامنے پیش کیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کی مقامی قیادت بھی ان کالے اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

ترکی، ملائیشیا اور ایران کی قیادت کا مسئلہ کشمیر پر اصولی مؤقف دنیا کے سامنے ہے، ترک صدر نے اقوام متحدہ اجلاس میں مسئلہ کشمیرکےحل پرزور دیاہے جبکہ ملائشیا کے وزیرا عظم نے بھارتی اقدامات کو مقبوضہ وادی پر قبضہ قرار دیا اور 16یورپین پارلیمنٹ ممبران نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خط لکھا۔

مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کا بدترین لاک ڈاؤن 814 دن سے نافذ ہے، مقبوضہ کشمیر کی مقامی قیادت بھی ان کالے اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہے، مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ قبضے کے 74 سال مکمل ہونے پر پاکستان، آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں۔

یاد رہے  بھارت اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کا قتلِ عام کر چکا ہے، تقریباَ 23ہزار عورتوں کو بیوہ، ایک لاکھ 7 ہزار 842سے زائد بچوں کو یتیم کیا گیا جبکہ 11 ہزار سے زائد عورتوں کی آبرو یزی کی گئی، 25 ہزار سے زائد کشمیری 2010 سے پیلٹ گنز کا شکار ہوئے۔

پانچ اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر سے اُس کی شناخت بھی چھین لی گئی ہے۔