ایس ایم منیر کی کینیڈین بزنس مینوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

206

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق سی ای اوایس ایم منیر نے کینیڈا کے بزنس مینوں کو دعوت دی کی وہ پاکستان میںنہ صرف سرمایہ کاری کریں بلکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیں تاکہ پاکستان اور کینیڈا کے بزنس مین مزید قریب آسکیں،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو جس طرح سے چاروں خانے چت کیا ہے اور تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اس سے پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں مزید پروان چڑھیں گی،پاکستان اور کینیڈا بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی مشترکہ ایونٹس کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کینیڈا کی یونیورسل گروپ آف کمپنیزکے سربراہ عامرشمسی کی جانب سے اپنے اعزاز میںدیے گئے عشائیہ کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب میںقونصل جنرل پاکستان برائے ٹورنٹو عبدالحمید،میئربرائے برمپٹن پیٹرک برائون، ممبر پارلیمنٹ پال چینگ، ایس ایم نصیر،ممبرآف پروونشیل پارلیمنٹ (ایم پی پی) کلید رشید،پیٹرک برائون، نوید بخاری،ایس ایم عمران، پرویز اختر،مرزاامتیاز اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اورکینیڈا کے درمیان تجارت میں اضافہ ممکن ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق برآمدات بڑھائی جائیں تو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت مستحکم ہوسکتی ہے۔