۔345 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کو منظوری کیلیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا

151

اسلام آباد(اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت گزشتہ روزسینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 345.626 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کو منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ حامد یعقوب شیخ ، پلاننگ کمیشن اور وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی
جبکہ صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں صحت سے متعلق پروجیکٹ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج کے لیے332844 ملین روپے مالیت کے منصوبے کو مزید غور کے لیے ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد نادرا کی جانب سے جاری کردہ قومی شناختی کارڈ کے مطابق پنجاب کی مستقل آبادیوں کے لیے100 فیصد آبادی کے لیے انشورنس اسکیم کی کوریج شامل ہے۔ یہ اسکیم اوپن انرولمنٹ پالیسی کے ذریعے مریضوں میں صحت سے متعلق سیکنڈری اور ترجیحی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرے گی۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیولپمنٹ پاکستان (ایچ ای ڈی پی) کے لیے 12782 ملین روپے کے منصوبے کو ایکنک کو بھیج دیا۔ پروجیکٹس کا بنیادی مقصد پسماندہ پس منظر کے طالب علموں کے لیے کم اور منصفانہ شرکت پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ تدریسی اور تحقیقی حالات کا ناقص معیار کو بہتر بنانا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں ، کیونکہ یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی سماجی و معاشی بہبود کے لیے اہم ہے۔