نیٹو نے جدید ٹیکنالوجی کیلیے ایک ارب ڈالر مختص کر دیے

365
برسلز: نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ وزرائے دفاع کی موجودگی میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) نیٹو نے جدید عسکری ٹیکنالوجی کے حصول کی لیے نیٹو انو ویشن فنڈ قائم کر دیا ۔ اس فنڈ میں ایک ارب یورو کی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی پر کام کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے نیٹو وزرائے دفاع کے 2روزہ اجلاس کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو شمالی بحر اوقیانوس کے لیے ’ڈیفنس انو ویشن ایکسیلیریٹر فار دی نارتھ اٹلانٹک ‘قائم کر رہا ہے ، جو ہماری سلامتی کے لیے اختیارات کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے ٹیکنالوجی ٹیسٹ مراکز اور ایکسیلیریٹر سائٹس کا نیٹ ورک فراہم کرے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق نیٹو وزرائے دفاع نے نیٹو کی پہلی مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا ہے ، جس میں بین الاقوامی قانون کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذمے دارانہ استعمال کے معیارات شامل ہیں۔ اس اجلاس میں وزرا نے نیٹو کے قریبی شراکت داروں فن لینڈ، سوئیڈن اور یورپی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں ، تاکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ دوسری جانب اجلاس میں شریک امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے شرکاسے کہا کہ نیٹو کے تمام شراکت داروں کو افغانستان کے تجربے سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے میں ہمارا اتحاد ہی اہم رہا، ہم افغانستان میں اکٹھے گئے تھے اور اکٹھے ایک اتحاد کی حیثیت سے ہی وہاں سے نکلے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے یہ بھی سیکھا ہے کہ آیندہ ایسے کسی بھی آپریشن میں پرانے تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی مشترکہ طاقت کا بہتر استعمال کریں گے۔