ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع ملے گا، بابر اعظم

503
 آسٹریلیوی ٹیم سے خوفزدہ ہونے کا تاثر درست نہیں ہے، بابر اعظم 

دبئی ( سید وزیر علی قادری): قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد سینئر کھلاڑی ہیں، ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع ملے گا۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ چیئرمین رمیز راجا نے100 فیصد کھیلنے کا کہا انہوں نے کھیل پر فوکس کرنےکا کہا ہے۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ  رمیز راجا نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور اعتماد دیا، بہترین پلیئنگ الیون بنانے کی کوشش کی ہے ضرورت پڑنے پر سرفراز احمد کو بھی موقع ملے گا، شعیب ملک بھی ٹیم میں ہیں وہ بھی اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں۔

بابراعظم  نے مزیدکہا کہ  شاداب خان کی باڈی لینگویج اور جوش و خروش سب کے سامنے ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے ریلیکس رہنا ہے دباؤ نہیں لینا خود پر اعتماد ہے سو فیصد کھیل پیش کریں گے، ہم یہاں کھیلنے کے عادی ہیں ہمارا فوکس کھیل پر ہے اس پر نہیں ہے کہ ہمیں ٹریولنگ کرنا پڑے گی۔

قومی کپتان نے کہا کہ پہلے دو میچز بہت اہم ہیں لیکن ہمیں اعتماد ہے کہ ہم اچھا کھیلیں گے، پاک بھارت ہمیشہ ایک بڑا میچ ہوتا ہے اعصاب پر قابو پانا ہوتا ہے، تینوں شعبوں میں اچھا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے پلان کے مطابق کھیلتا ہوں اور بال پر فوکس کرکے کھیلتا ہوں، ہمارے بولرز اچھے اور تجربہ کار ہیں۔