حکومت جلد گھرجائے گی، عوام کو گھبرانا نہیں ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

431

کراچی:  وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت جلد گھرجائے گی، عوام کو اب گھبرانا نہیں ہے،نااہلوں نے مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے۔

مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزدوروں کو اپنا حق ملنا چاہیے،جب تک یہ لوگ رہیں گے عوام کو سکون نہیں ملے گا،آٹے کی قیمت 75 روپےفی کلو کردی گئی ہے۔

مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ چینی 120 روپے کلو ہوچکی ہے، آٹااورچینی چورہماری جان چھوڑ نے کو تیار نہیں ہیں، مافیاز کو چاہیے کہ غریب عوام کی جان چھوڑیں تاکہ عوام خوشحال زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے حکومت نے بڑے بڑے ارسطو لاکر وزارتوں پر بٹھادیے ہیں، جن میں سے ایک ارسطو نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے اور معیشت بہتر ہے، ایسے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہی عوام کا جینا محال ہوگیا ہے۔