میلاد النبی کی تقریبات پر اسرائیلی دھاوا‘ 60 فلسطینی زخمی

252
مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج مسجد اقصیٰ اور باب العامود سے فلسطینیوں کو گرفتار کررہی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ علاقے میں واقع قدیم شہر کے اطراف میں میلاد النبی کی تقریبات کے دوران دھاوا بول دیا۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی پولیس نے میلادالنبی کے جلوس کے دوران فلسطینیوں پر ربر کی گولیاں چلا ئیں اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا،جس کے نتیجے میں 60سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران گھڑ سوار پولیس اہل کاروں نے فلسطینی نوجوانوں کا پیچھا بھی کیا۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم وکیل ناصر عودہ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے باب الشام کے اطراف میں جھڑپوں کے دوران میں 15 بچوں کو بھی حراست میں لیا۔ واضح رہے کہ مشرقی بیت المقدس میں ایک ہفتے سے اسرائیلی پولیس اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں قبرستانوں کی نگران کمیٹی کے سربراہ مصطفی ابو زہرہ کو حراست میں لے لیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس نے سلوان کے مقام پر مصطفی ابو زہرہ کی رہایش گاہ پرچھاپامارا اور انہیں تفتیشی مرکز میں منتقل کردیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے وہاں دکانیں بھی بند کرادیں۔