پاکستان اسٹاک: سرمایہ کاروں کو 29ارب روپے کا خسارہ

455

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آ گئی،کے ایس ای 100 انڈیکس 44800 پوائنٹس سے گھٹ کر44600پوائنٹس پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو29ارب روپے کا خسارہ ،کاروباری مندی کے سبب63.33فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 45ہزار پوائنٹس سے صرف6پوائنٹس کی دوری پر تھا کہ پاکستان کے ا ٓئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذکرات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیوں سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہو گئے اور انہوں نے خریداری کے بجائے بعض اسٹاکٹس میں فروخت کو ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا ۔مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 192.08 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 44821.53پوائنٹس سے کم ہو کر 44629.45 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح65.93پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 17521.47پوائنٹس سے کم ہو کر17455.54پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس30770.14پوائنٹس سے کم ہو کر30674.11پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 29ارب48کروڑ4لاکھ92ہزار147روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔