بیت المقدس، اسرائیلی فوج فلسطینیوں پر پل پڑی ، درجنوں زخمی و گرفتار

576
مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج باب العامود پر صحافی کو تشدد کا نشانہ بنا رہی اور فلسطینیلڑکی کو گرفتار کررہی ہے

 

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس کے باب العامو د کے احاطے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر دھاوا بول دیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق میلاد النبی کی مناسبت سے مسجد اقصیٰ جانے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر قابض صہیونی فوج نے اچانک دھاوا بول دیا،جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں صحافی احمد ابو صبیح بھی شامل ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا۔ زیر حراست افراد میں 2بہنیں بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج کے سامنے نعرے لگاتے رہے۔ دوسری جانب فلسطینیوں پر صہیونی مظالم کو شہ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کا تل ابیب حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ جاری ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے تجارتی امور احمد بالہول فلاسی نے دبئی ایکسپو میں اسرائیلی پویلین کے افتتاح کے موقع پر صہیونی وزیرسیاحت یوئل رازفزوف سے ملاقات کی۔ اس دونوں عہدے داروں کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق فریقین نے مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع میں اضافے، تجارتی تبادلے میں تیزی لانے اور کورونا وبا کے بعد کے مرحلے میں سرمایہ کاری کو متنوع بنانے کے امکانات پرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر فلاسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہم آنے والے عرصے میں ان کے مزید فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو کا عالمی میلہ اسرائیل کے کاروباری اداروں کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے فائدہ اٹھانے کا ایک قیمتی موقع مہیا کرتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق معاہدہ ابراہیم پر دستخط کے بعد پہلے سال کے دوران میں متحدہ عرب امارات اوراسرائیل کے درمیان مختلف شعبوں میں 70 کروڑڈالرمالیت کا کاروبار ہوا ہے۔ اماراتی وزیرکا کہنا تھا کہ اس عرصے میں دنیا بھرسے بڑی تعداد میں سیاحوں نے امارات سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں کا رخ کیا۔ رازفزوف کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ممالک کی جانب سے بالخصوص سیاحتی سطح پرحاصل شدہ متاثرکن کامیابی کی تصدیق کرتے ہیں۔