چیئرمین نیب کو توسیع دینا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، مریم نواز

295

اسلام آباد: مسلم لیگ نون کی نائب صدر، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کو توسیع دینا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ امید ہے کہ چیئرمین نیب کی توسیع عدالت سے مسترد ہوجائے گی اور عدالت سے انصاف ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما کیس کی وجہ سے میرے والد اور میں جیل میں رہے، 2018ء کا الیکشن چوری کیا گیا، پارٹی رہنماؤں پر مقدمے بنائے گئے، ہمارے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوئی، پنڈورا پیپرز اور دیگر اسکینڈلز پر جے آئی ٹی کہاں ہے؟

انہوں نے سوال کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان بتائیں کہ انہوں نے کون سے تحفے لے کر اپنی جیب میں ڈالے ہیں،  جس انسپیکشن کمیشن کو وزیرِ اعظم عمران خان چلا رہے ہیں کیا وہ ان کے اے ٹی ایمز کے خلاف کارروائی کرے گے؟

صحافی نے  مریم نواز سے سوال کیا کہ کیا شہباز شریف اس درخواست میں آپ کے ساتھ ہیں؟ جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ آپ مجھ سے میری بات کریں، جماعت کو بیچ میں نہ لائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ موجودہ حکومت اور ہماری حکومت کا موازنہ کریں تو لگتا ہے ملک کسی جنگ سے گزر کر آیا ہے، ترقی کرتا پاکستان تنزلی کرتا پاکستان ہے، آج پاکستان ملک کے اندر مہنگائی اور باہر تنہائی رسوائی کا شکار ہے، پینڈورا لیکس اور اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں، کہاں ہے جے آئی ٹی اور کہاں ہے درخواست گزار جو پاناما کو لے کر عدالت گیا تھا، قوم اس درخواست گزار کو اور چیف جسٹس کھوسہ کو بھی ڈھونڈ رہی ہے جنہوں نے عمران خان کو کہا تھا کہ لائیں درخواست میرے پاس، کیونکہ فیصلہ تو پہلے ہی ہوچکا تھا، کہاں ہے جے آئی ٹی جسے ریٹائرڈ برگیڈیئر چلاتا تھا، میں اس کی گواہ ہوں۔

مریم نواز نے چیئرمین نیب کے حوالے سے مزید کہا کہ اس کے پیچھے بدنیتی ہے، یہ ڈیل ہوئی ہے کہ تم میرے دشمنوں کے خلاف کارروائی کرنا ، میں تمہیں توسیع دوں گا، جسٹس (ر) جاوید اقبال کو توسیع دینا غیر قانونی ہے، آپ کسی گناہ میں ملوث ہیں جس کے تسلسل کے لیے توسیع چاہتے ہیں، یہ توسیع غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، ایسا کچھ ہوا تو کسی بھی عدالت میں اسے مسترد کردیا جائے گا۔