جرمنی میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

476
نیورمبرگ:مزاحیہ فنکار عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے

نیورمبرگ(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف پاکستانی ادارکارعمر شریف کی جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔سفارتی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کیلیے نیورمبرگ سٹی کی ترک مسجد میں مسلم کمیونٹی کا اجتماع منعقد کیا گیا۔اداکار عمر شریف کی میت ترک مسجد پہنچائی گئی جس پر عمر شریف کی فراہم کردہ تصویر بھی رکھی گئی۔فرینکفرٹ میں قونصل جنرل پاکستان زاہد حسین اور دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین تین گھنٹے کی مسافت طے کرکے نیورمبرگ پہنچے۔ عمر شریف کے دنیا بھر سے مداحوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔کمیونٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی اور دیگر ممالک کے شہری بھی نماز جنازہ کیلیے موجود تھے۔کمیونٹی ذرائع کے مطابق نیورمبرگ ساؤتھ اسپتال سے میت وصول کرنے کے بعد پاکستانیوں نے غسل و کفن کا انتظام کیا۔ پاکستانی شہری امجد علی نے عمر شریف کی میت کو غسل دیا اور پھر انہیں کفن پہنایا گیا۔ذرائع کاکہنا ہے کہ عمر شریف کی میت کو ممکنہ طور پر منگل کے روز پاکستان لیجایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد عمرشریف کی میت کو کمرشل پرواز یا ائر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان منتقل کرنیکا فیصلہ ہوگا۔محکمہ اوقاف سندھ نے عبداللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے میں عمر شریف کی تدفین کی اجازت دیدی ہے۔