بحرین: اسرائیلی وزیر خارجہ سفارت خانے کا افتتاح کرنے پہنچ گئے

265

اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لپید اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح کرنے بحرین کے تاریخی دورے پر پہنچ گئے ہیں۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے فرانس24 کے مطابق اسرائیلی اعلیٰ سفارت کار مناما ہوائی اڈے پر اترے ، جہاں گلف ایئر کا ایک طیارہ دونوں ممالک کے درمیان پہلی تجارتی پرواز کے لیے کچھ دیر بعد روانہ ہونے والا تھا۔

لیپد کا یہ دورہ اسرائیل کی جانب سے بحرین کا پہلا سرکاری دورہ ہے جو متحدہ عرب امارات ، مراکش اور سوڈان کے بعد علاقائی تعلقات کا ایک حصہ ہے. پچھلے سال ابراھم معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات استوار کیے گئے تھے۔

تاہم اس تعلقات پر بحرین کے بعض حلقوں میں اب بھی شدید غصہ پایا جاتا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات نہیں ہونے چاہیئں کیونکہ فلسطین کا مسئلہ اب بھی حل طلب ہے۔

یائر لپید کے آنے پر ہوائی اڈے پر اضافی سکیورٹی تعینات تھی تاہم عوامی ردِعمل کے خدشات کی وجہ سے مرکزی سڑکوں پر اسرائیلی جھنڈے دکھائی نہیں دے رہے تھے۔ اپوزیشن کارکنان نے اسرائیل کے دورے پر مزید احتجاج کی کال دی ہے۔