اداکار عمرشریف ایئرایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ

300

کراچی: معروف کامیڈین، سب کے پسندیدہ اداکار عمر شریف کو آج ایئرایمبولینس کے ذریعے علاج کیلئے امریکا روانہ کر دیا گیا ہے، ان کی اہلیہ زرین غزل بھی ان کے ہمراہ ہیں جبکہ ڈاکٹروں نے آج صبح بھی معائنہ کیا تھااور ڈاکٹروں نےعمر شریف کی صحت کو بہتر قرار دیتے ہوئے ان کو سفر کی اجازت دے دی تھی۔

Image

تفصیلات کے مطابق  پاکستان کے مشہور  کامیڈین اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے ایئر ایمبولنس میں امریکا روانہ کر دیا گیا ہے، ان کی اہلیہ زریں غزل بھی ایئر ایمبولنس میں ان کے ہمراہ گئیں ہیں۔

عمر شریف کو آج صبح ایمبولینس میں کراچی کے نجی اسپتال سے کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پہنچایا گیا، عمر شریف کی اسپتال سے منتقلی کے لیے ایمبولینس کی میڈیکل ٹیم بھی ساتھ موجود تھی۔

یاد رہے اداکار عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، وہ گزشتہ کئی ہفتوں تک کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے ہیں جبکہ ان کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم بھی جاری کردی گئی ہے۔

Image

روانگی سے قبل ڈاکٹروں نے آج صبح بھی عمر شریف کا معائنہ کیا، ڈاکٹروں کی جانب سےاہل خانہ کوعمرشریف کی صحت سےآگاہ کیا گیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نےعمر شریف کی صحت کو بہتر قرار دیا ہے۔

واضح رہے عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچایا جا رہا ہے، جہاں معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں انتظامات کر رکھے ہیں۔

خیال رہے  گزشتہ ہفتے اداکار کی طبیعت بگڑنے کے باعث بیرون ملک روانگی موخر کر دی گئی تھی، ڈاکٹرز کے مطابق اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث طبیعت بگڑی جس کے بعد انکو فوری طور پر سی سی یو وارڈ منتقل کردیا تھا جہاں ڈاکٹرز کی سرتوڑ کوششوں کے بعد ان کی حالت بہتر اور سفر کے قابل ہوئی ہے۔