شمالی کوریا کی جنوبی کوریا کو مذاکرات کی مشروط پیشکش

310
ہونولولو: صدر جنوبی کوریا مون جائے ان امریکی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ایکوئلینو سے ملاقات کررہے ہیں

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا ئی کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا اپنی معاندانہ پالیسیوں سے باز آجائے تو ہم مذاکرات جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں۔ کم یو جونگ نے کہا کہ جنوبی کوریا سرکاری بیان جاری کروانا چاہتا ہے، لیکن اس سے قبل اسے دوسروں کا احترام یقینی بنانا ہوگا۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان نے اقوام متحدہ کے چھیترویں جنرل اسمبلی اجلاس میں علاقے میں امن کا علمبردار بنتے ہوئے شمالی کوریا سے جنگ کے خاتمے سے متعلق سرکاری بیان جاری کرنے کی اپیل کی تھی۔کم یو جونگ نے ان کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ جنوبی کوریا دشمنی سے باز آکر بے جا الزامات کی پالیسی ختم کرے تو ہم دوبارہ سے تعلقات کے قیام اور فروغ کے لیے رابطے کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے جنگ کے خاتمے کے اعلان کے مطالبے کو دل چسپ اور قابل ستایش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی طرف سے شمالی کوریا کے لیے آیندہ محتاط طرز عمل اختیار کرنے اور مخالفانہ رویہ نہ اپنانے کے وعدے کی صورت میں پیانگ یانگ جنوبی کوریا کے ساتھ قریبی روابط قائم رکھنے، تعلقات کی بحالی اور ترقی کے بارے میں تبادلہ خیال کے لیے آمادہ ہے۔