مولانا کلیم صدیقی کو فوراًرہا کیا جائے‘ امیر جماعت اسلامی ہند

371

نئی دہلی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا ہے کہ مولانا کلیم صدیقی کی اترپردیش اے ٹی ایس کی جانب سے گرفتاری کی خبر ملک کے تمام انصاف پسند شہریوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں مطالبہ کیا کہ مولانا پر عاید کردہ مبینہ مقدمات کو غیر مشروط طور پر واپس لیا جائے، انہیں فوری رہا کیا جائے اور ان کے ساتھ انصاف کا معاملہ کیاجائے۔ مولانا کلیم صدیقی نہ صرف مسلمانوں کے درمیان بلکہ غیر مسلم سماج میں بھی عزت و وقار کی حامل شخصیت ہیں۔ موصوف کی گرفتاری نے ایک بڑے طبقے میں بے چینی پیدا کردی ہے،صدرجمعیت علما ہند مولاناارشدمدنی نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی مذہب کے الزام میں مولاناکلیم صدیقی کی گرفتاری کو جس طرح سے میڈیا پیش کررہا ہے وہ قابل مذمت اورباعث تسویش ہے ،اقلیتوں اور خاص کر مسلمانوں کے معاملے میں میڈیا کا جج بن جانا اور انہیں مجرم بناکر پیش کرنا جرنلزم کے پیشے کے ساتھ بددیانتی ہے ۔ مولانا کلیم صدیقی کو غیر قانونی طریقے سے تبدیلی مذہب کرانے، غیر ممالک سے فنڈنگ جیسے کئی سنگین الزامات کے تحت گرفتارکیاگیاہے ، مولانا مدنی نے کہا کہ یہ سارے الزامات سراسربے بنیاداورغلط ہیں۔