مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر کشمیر میں ہڑتال کا اعلان

287

سرینگر/ نیویارک (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے خلاف احتجاج کیلیے کل وادی میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کل نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلیے پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کر یں گے اور دنیا کو واضح پیغام دیں گے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز تسلط کو قبول نہیں کرتے اور وہ اس سے مکمل آزادی چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کی صدارت میں ہوا، پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور آذر بائیجان کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، مشترکہ اعلامیہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلیے ان کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے 1989ء سے بھارتی قابض افواج کی انسانیت کے خلاف جرائم کی شدید مذمت کی گئی جس کے نتیجے میں اب تک 96 ہزار سے زائد کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، 23 ہزار خواتین بیوہ ہوئیں، 11250 سے زائد خواتین کی آبرویزی کی گئی اور ایک لاکھ 8 ہزار بچے یتیم ہوچکے ہیں، اسکولوں اور گھروں سمیت ایک لاکھ 10 کے قریب عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور 8652 سے زیادہ نامعلوم اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کیلیے جموں و کشمیر تنازع کا حتمی حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے مطابق ناگزیر ہے۔