مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی دہشتگردی‘ 4 نوجوانوں کو شہید کردیا

169

سرینگر (اے پی پی+ آن لائن) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران 4 کشمیری نوجوان شہید کردیے، دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنما معراج الدین کلوال کو والدہ کے انتقال کے 15 روز بعد صرف 6 گھنٹے کیلیے گھر جانے کی اجازت۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے 3 نوجوانوں کو بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں فائرنگ کرکے شہید کیا۔ قابض بھارتی فوج کا علاقے میں پرتشدد آپریشن 18 ستمبر سے جاری ہے جبکہ ایک نوجوان کو ضلع شوپیاں کے علاقے چھترا گام میں تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کردیا۔ قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران چند نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا جس پر کشمیری عوام نے بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج بھی کیا، علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔ علاوہ ازیں تحریک حریت جموں و کشمیر کے غیر قانونی طور پر دہلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند رہنما معراج الدین کلوال کو والدہ کی وفات کے 15 روز بعد پیرول پر محض 6 گھنٹے کیلیے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔ قابض بھارتی حکام نے گزشتہ روز پہلے انہیں تہاڑ جیل سے سرینگر کے پانتھہ چوک تھانے منتقل کیا، جہاں ایک رات قیام کے بعد وہ آج ایک پولیس ٹیم کے ساتھ صرف 6 گھنٹے کیلیے گھر جائیں گے۔