سوئیڈن، ڈنمارک اور نیدرلینڈز میں کورونا پابندیاں ختم

99

اسٹاک ہوم(انٹرنیشنل ڈیسک) کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے خطرے کے باوجود 3 یورپی ممالک سوئیڈن، ڈنمارک اور نیدرلینڈز میں زندگی وبا سے پہلے کی طرح بغیر پابندیوں کے رواں دواں ہے یا ایسا ہونے والا ہے۔ یورپ کے کئی حصوں میں عوام تقریباً ایسے ہی زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، جیسے کورونا وبا سے پہلے ہوتے تھے، جب کہ دیگر یورپی ممالک میں ایسی آزادیاں ابھی تک ایک خواب ہی لگ رہی ہیں۔ نیدرلینڈز میں مکمل ویکسین لگوانے والے افراد 25 ستمبر سے کلبوں، پارٹیوں اور ریستورانوں میں جا سکیں گے اور انہیں کسی طرح کے سماجی فاصلے کا بھی خیال یا دھیان نہیں رکھنا ہو گا۔ تاہم یہاں کے ہر شہری کے لیے ویکسین پاس ساتھ رکھنا لازمی ہو گا۔ ڈنمارک نے کووڈ 19سے متعلق تمام تر پابندیاں گزشتہ ہفتے ہی ختم کر دی تھیں۔ اس طرح یہ پہلا یورپی ملک بن گیا ہے، جہاں کورونا وبا سے پہلے کی طرح زندگی کی تمام رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ اس ملک میں اب نہ تو کسی ماسک کی ضرورت ہے اور نہ ہی ویکسین پاس کی ضرورت ہے۔ اگست میں ڈینش وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اب کووڈ 19کو سماجی سطح پر خطرناک بیماری تصور نہیں کیا جائے گا۔