سی ٹی ڈی کی کاروائی ، کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد گرفتار

345
CTD

لاہور: سی ٹی ڈی نے موہلنوال میں کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ملزمان سے بھاری مقدار میں ڈیٹونیٹرز اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  لاہورمیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے موہلنوال میں کارروائی کی ہے، کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردگرفتار کیے ہیں اور ان دہشتگردوں کے نام محمدمشتاق، سمیع اللہ، عادل جمال ،اسامہ خالد ہیں۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے مطابق کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی لاہور میں موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر موہلنوال میں چھاپہ مارا اور وہاں سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا جبکہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم القاعدہ سے ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق ملزمان حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد، سیفٹی فیوز اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ  ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ گرفتار دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی پلانگ کر رہے تھے جبکہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔