افغانستان میں نیکی کا حکم دینے اور برائیوں سے روکنے کی وزارت قائم،کابل ایئرپورٹ پر خودکش بمبار بھارتی ایجنٹ نکلا

454

کابل/نئی دہلی/اسلام آباد (آن لائن/صباح نیوز)افغانستان میں امور خواتین کی وزارت ختم کرکے نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کی وزارت قائم کر دی گئی ہے جبکہ کابل ائر پورٹ کا خود کش بمباری بھارتی ایجنٹ نکلا۔تفصیلات کے مطابق طالبان کی عبوری حکومت نے نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کی وزارت قائم کر دی گئی ہے۔ 1990ء کی دہائی میں بھی طالبان نے ’نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے‘ کی وزارت قائم کی تھی۔طالبان رکن محمد یوسف نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ یہ ادارہ اہم ہے اور اس ادارے کا بنیادی مقصد اسلام کی خدمت کرنا ہے، اس لیے نیکی کے فروغ اور برائی کی روک تھام کے لیے ایک وزارت ہونا ضروری ہے۔ مذکورہ وزارت طالبان کے اقتدار میں آنے سے پہلے ہی موجود تھی ، لیکن 1996ء اور 2001ء کے درمیان ان کے دور میں توسیع ہوئی، وزارت کی ذمے داری تھی کہ وہ پولیس کو سڑکوں پر تعینات کرے تاکہ اسلامی قانون کو نافذ کیا جا سکے۔ماضی میں وزارت نے تفریحی سرگرمیوں جیسے موسیقی اور رقص پر بھی پابندی لگا دی تھی ۔یہ وزارت 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد تحلیل کر دی گئی تھی۔ اس وقت کے صدر حامد کرزئی نے2006ء میں اسی طرح کی وزارت دوبارہ قائم کی تھی لیکن اس کے پاس اختیارات زیادہ نہیں تھے۔ دوسری جانب داعش کے ایک جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ کابل ائرپورٹ پر دھماکا کرنے والا ان کا خود کش بمبار بھارت میں تعلیم حاصل کرچکا ہے اور بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں بھی رہا ہے۔داعش کے اس دعوے پر بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں تصدیق کی گئی ہے کہ خودکش بمبار عبدالرحمان اللغوری نے 2016ء میں ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد کے ایک کالج میں داخلہ لیا تھا۔بھارتی کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کے ایک افسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ عبدالرحمان ہماری زیر حراست بھی رہا بعدازاں اسے افغان حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔ ادھرپاک افغان تعاون فورم (پی اے سی ایف) نے انسانی بنیادوں پر امداد کے طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے مزید300ٹن اشیا خورونو ش سے لدھے17ٹرک طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کردیے ہیں۔مزید برآںسعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے نئی دہلی میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری رہی، ملاقات میں خلیج اور انڈو پیسیفک امور کے ساتھ ساتھ افغانستان کی صورتحال پر بھی سودمند تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی، سیکورٹی اور سماجی و ثقافتی تعاون کے حوالے سے اسٹریٹیجک شراکت داری پر بھی گفتگو ہوئی۔خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بھارت کے 3 روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ پیر کو بھارتی وزیراعظم مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔