افغانستان میں استحکام کی ذمے داری پاکستان پر ہے،یورپی یونین

203

برسلز(آن لائن ) یورپی یونین کی پارلیمان میں افغانستان کی صورتحال پر ایک قراردار پیش کی گئی ہے جس میں پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس پر نظرثانی کے لیے طالبان پر ان کے اثر و رسوخ کو مدنظر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی پارلیمان میں افغانستان کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی جس میں نہ صرف پاکستان پر طالبان کو تحفظ دینے کا الزام عاید کیا گیا بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ اس نے طالبان کو عسکری امداد بھی فراہم کی تاکہ وہ افغانستان پر قبضہ کر سکیں۔قرار داد میں کہا گیا کہ پنجشیر کے صوبے میں احمد مسعود کی قیادت میں قومی مزاحمتی محاذ نے طالبان سے مقابلہ جاری رکھا ہے اور پاکستان پر الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان نے طالبان کو اسپیشل فورسز اور فضائی مدد دی ہے۔اس قرار داد میں یورپی پارلیمان کے خارجہ امور کی محکمے ای ای اے ایس کو کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی قیادت تک یہ پیغام پہنچائے کہ افغانستان میں سلامتی و استحکام کی ذمے داری اس پر عاید ہوتی ہے اور مستقبل میں پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا دوبارہ جائزہ لیتے وقت پاکستان کے طالبان پر اثر و رسوخ کو مد نظر رکھا جائے گا اور اسی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لے لیا جائے یا نہیں۔یہ قرار داد پارلیمان میں ووٹنگ کے لیے آج پیش کی جائے گی ۔