اہل کراچی بجلی کے بلوںمیں بلدیاتی ٹیکس قبول نہیں کریں گے،حافظ نعیم

434

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ اہل کراچی بجلی کے بلوں میں بلدیاتی ٹیکس وصولی کے فیصلے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے ،بجلی کے بلوں میں بلدیاتی ٹیکس کی زبردستی وصولی عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک کے بلوں میں کے ایم سی کے کنزروینسی ٹیکس کی وصولی کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس کراچی دشمن فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج اور مزاحمت کرے گی اور اگر سندھ حکومت اپنی من مانی کرنے سے باز نہ آئی تو جماعت اسلامی مشاورت کے بعد بہت جلد اس کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی  نے سندھ حکومت اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کی جانب سے بار بار وفاقی حکومت کی رضا مندی کی بات کی جارہی ہے اس لیے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت بھی فی الفور اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معلوم ہو کہ وفاقی حکومت کی اصل پالیسی کیا ہے یاکہیں اندر سے وفاقی وصوبائی حکومتیں اہل کراچی کے خلاف ملی ہوئی تو نہیں ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مہنگائی میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی پہلے ہی اجیرن بناکر رکھ دی ہے ان حالات میں ان پر مزید ٹیکس کا بوجھ ان کے مسائل اور مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا۔