سائٹ میں سڑکوں کی تعمیر جون 2022 تک مکمل کریں گے ، مرتضیٰ وہاب

393
سرپرست اعلیٰ سائٹ ایسوسی ایشن زبیر موتی والا، صدر عبدالہادی ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کوشیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سائٹ صنعتی ایریا میں زیرتعمیر 17سڑکوں کے تعمیراتی کاموں کی رفتار تیز کرنے اور رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائٹ صنعتی ایریا میں سڑکوں کی تعمیر کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جون 2022 تک ان تمام سڑکوں کی تعمیرات مکمل کرلی جائیں گی۔ یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر شجر کاری مہم کے افتتاح اور صنعتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، صدر عبدالہادی، سینئر نائب صدر ریاض الدین، نائب صدر عبدالقادر بلوانی، سلیم پاریکھ، ،ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت آسکانی، وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوص آصف خان، علی احمد جان، ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور غربی بھی موجود تھے۔مرتضیٰ وہاب نے سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیرموتی والا کی جانب سے ویسٹ پانی کو صاف پانی میں پروسیس کرنے اور سائٹ کو فلٹر پانی فراہمی کی طرف توجہ مبذول کروانے کے جواب میں کہا کہ سائٹ کو فلٹر ڈپانی سپلائی پر کام جلد شروع کیا جائے گا اور18ماہ میں اسے مکمل کیا جائے گا جس سے کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی ملے گا اور سائٹ میں پانی سپلائی میں بہتری آئے گی۔سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی نے سائٹ صنعتی ایریا کو سرسبز بنانے کی مہم کے آغاز پر کہا کہ سائٹ کی جو بھی سڑک مکمل ہوگی وہاں صنعتکاروں کے تعاون سے درخت لگائے جائیں۔ انہوں نے سائٹ میں کچرے کو ٹھکانے نہ لگانے کے اہم مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ میں کچرا اٹھانے کا مسئلہ اس لیے گھمبیر صورتحال اختیار کرتا جارہاہے کیونکہ بیک وقت دو ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سائٹ لمیٹڈ یہ امور انجام دینے کے ذمہ دار ہیں جس کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے اس حوالے سے ایک اجلاس بلانے کی یقین دہانی کروائی کہ رواں ہفتے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، سائٹ لمیٹڈ کے ساتھ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا ۔