اقوام متحدہ میں افغان سفیر کا طالبان کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ

173

جنیوا (آن لائن )سابق افغان حکومت کے اقوامِ متحدہ میں سفیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ناصر احمد اندیشہ نے طالبان کی جانب سے 15 اگست کو کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد انسانی حقوق بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات پر زور دیا۔ناصر احمد اندیشہ کو سابق صدر اشرف غنی نے جنیوا میں تعینات کیا تھا اور افغانستان کے نئے حکمرانوں نے اب تک اْن کی تبدیلی کی گزارش نہیں کی ہے اس لیے وہ اب بھی اپنے عہدے پر موجود ہیں۔طالبان کے افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد سے مختلف مقامات پر خواتین مظاہرین پر تشدد کی وڈیوز منظر عام پر آئی ہیں جبکہ متعدد صحافیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے اْنھیں ایسے مظاہروں کی کوریج کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔طالبان کی جانب سے ان دعوئوں کی تردید کی گئی ہے۔