عالمی برادری انسانی حقوق کی بنیاد پر افغانستان کی امداد کرے، پاکستان

465

نیو یارک: پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری فوری طور پر انسانی حقوق کی بنیاد پر افغانستان کی امداد کرے، آج افغانستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے افغانستان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج افغانستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، 18 ملین افغانیوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے، پاکستان نے افغان عوام کی امداد کے لیے 3 جہاز بھیجے، افغانستان کو اس کے اقتصادی وسائل تک رسائی دینے کی ضرورت ہے، افغانستان کے منجمد اکاؤنٹس کی بحالی ضروری ہے، افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ افغان حکومت ملک میں امن اور انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائے، ماضی میں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کی گئی، امید ہے افغان سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

منیر اکرم نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو افغانستان میں جگہ بنانے کی گنجائش نہیں ملنی چاہیے، افغان حکومت امن اور انسانی حقوق کی پاسداری کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو رسائی دے، کابل پر زور دیتے ہیں عالمی ایجنسیوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

مستقل مندوب نے مزید کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی بنیاد پر افغانستان کی امداد کرے، عالمی برادری کو افغانستان میں مصروف عمل رہنا چاہیے۔