انگلش ٹیم کا 16 سال بعد دورہ پاکستان کا اعلان ، شیڈول جاری

217

لاہور(جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینزٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں شامل انگلینڈ کی ٹیم 16سال بعد رواں سال اکتوبرمیں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم راولپنڈی میں 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزکھیلے گی۔یہ دونوں میچزپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین پہلا میچ 13جبکہ دوسرا 14اکتوبرکوکھیلا جائے گا۔انگلینڈ کی مینزاورویمنزکرکٹ ٹیمیں بالترتیب این مورگن اورہیتھرنائٹ کی قیادت میں 9اکتوبرکو اسلام آباد پہنچیں گی۔ انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم 15 اکتوبرکواسلام آباد سے دبئی روانہ ہوگی جہاں اسے آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنی ہے۔دوسری طرف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریزکھیلنے کے لیے انگلینڈ کی ویمنزکرکٹ ٹیم 21 اکتوبرتک اسلام آباد میں ہی قیام کرے گی۔ 13اور14اکتوبرکودوٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریزکے تین میچز19، 17 اور 21 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ہمیں انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی پاکستان میں میزبانی کرنے پر خوشی ہے، انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کا یہ 2005کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا جبکہ انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔دونوں ٹیموں کا یہ پاکستان کا اضافی دورہ ہے۔ ایف ٹی پی کے مطابق انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کو 2022میں وائٹ بال سیریز اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں شامل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔این مورگن اور ہیتھر نائٹ کی قیادت میں انگلینڈ کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم پچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ کی ورلڈ چیمپنز ہیں۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹیمز رینکنگ میں انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کا پہلا اور ویمنز کرکٹ ٹیم کا نمبر دوسرا ہے۔یہ تمام میچز پہلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے تھے تاہم آپریشنل اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر یہ تمام میچز اب پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جارہے ہیں۔