چیئرمین سینیٹ الیکشن انٹرا کورٹ اپیل، فریقین سے جواب الجواب طلب

134

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت 31 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو جواب الجواب دینے کی ہدایت کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا موقف ہے کہ ان کے ووٹ زیادہ تھے جو مسترد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 61 کے تحت سینیٹ ارکان تحریک عدم اعتماد سے چیئرمین کو ہٹاسکتے ہیں، یوسف گیلانی سمجھتے ہیں کہ ان کے پاس اکثریت ہے تو تحریک عدم اعتماد لے آئیں، بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے اسی چیئرمین سینیٹ سے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ قبول کرلیا اور عہدہ قبول کرنے کے بعد صادق سنجرانی کو چیئرمین قبول کیا۔