امریکا نے پاکستان کیلئے سفری پابندیاں نرم کردیں

472

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں سیکورٹی صورتحال بہتر قرار دے کر پاکستان کیلئے سفری پابندیاں نرم کردی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے، نئی ایڈوائزری میں سیکیورٹی صورتحال کو ’لیول فور‘ سے لیول تھری کردیا ہے، لیول فور کے تحت امریکی شہریوں کو ’پاکستان کے غیر ضروری سفر سے گریز‘ کی ہدایت کی گئی تھی۔ محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی حکومتی اور سفارتی عملے کے پاکستان میں سفر سے متعلق پابندیاں قائم رہیں گی۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان سے متعلق سفری ہدایات کو لیول تھری پر منتقل کردیا گیا ہے جو کہ درست سمت میں ایک قدم ہے اور ملک میں سکیورٹی صورتحال کی بہتری اور حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وبا کے مؤثر تدارک کا اعتراف ہے۔