کورونا ویکسین وائرس کی منتقلی نہیں روک سکتی ، امریکی ماہرین کا اعتراف

225

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ صحت سی ڈی سی کی سربراہ نے ملک بھر میں روزانہ لاکھوں نئے کورونا کیسوں کے بارے میں خبردار کردیا۔ روشیل ویلنسکی نے امریکی نیوز چینل سی این این سے گفتگو میں کہا کہ ویکسی نیشن کورونا وائرس کی منتقلی کو مکمل طور پر روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے باعث صورت حال بگڑتی جارہی ہے ،تاہم دوا اور ماسک پہننے سے جزوی طور پر حفاظت ممکن ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں جاری ٹیکاکاری مہم کے باوجود کورونا کیسوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی جارہی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 20کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس دوران کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی شرح میں گراوٹ آئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر میں 20کروڑ 17لاکھ 12ہزار 187افراد متاثر ہوئے ہیں ،جب کہ مہلک مرض سے دنیا بھر میں 82لاکھ 80ہزار 618 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔ بھارت میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران 3روز کے دوران 40ہزار سے زائد نئے کیس درج کیے گئے۔ بھارت میں کورونا سے اب تک 4لاکھ 26ہزار 754 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ، جب کہ 24گھنٹوں کے دوران 464 اموات ہوئیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر میں اور بالخصوص دولت مند ممالک میں ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے بعد سے اس شرح میں 20 فیصد کمی آئی ہے۔ ادھر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ افریقامیں یکم اگست تک ایک ہفتے کے دوران 6400 اموات ریکارڈ ہوئیں ، جو وبا کے باعث اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔