ڈیجیٹل مالی خدمات پر اسٹیٹ بینک کا نئے اقدامات کا اعلان

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنر بینک دولت پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے ڈیجیٹل فنانشل سروسز پر اسٹیک ہولڈرز کے پانچویں اجلاس میں مالی اداروں کی جانب سے ڈیجیٹل مالی مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کے لیے دو نئے اقدامات کا اعلان کیا تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے۔ یہ اقدامات ڈیجیٹل چیک کلیئرنگ اور ادائیگیوں کے لیے ایک یونیفائیڈ کیو آر کوڈ کا متعارف کروایا جانا ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسٹیٹ بینک فعال طور پر اوپن بینکنگ میں پیش رفت کی راہیں تلاش کر رہا ہے، جو مالی اداروں کے مابین صارفین کی جانب سے اجازت یافتہ معلومات کے اشتراک اور لیوریجنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے تاکہ صارفین کے انتخاب، مسابقت کی ترویج اور مالی شعبے میں کارکردگی میں اضافے کے لیے سہولت پیدا ہو اور صارفین کے فائدے کے لیے اختراعی مصنوعات اور خدمات متعارف کرائی جا سکیں۔ یہ اسٹیک ہولڈرز اجلاس جو گورنر اسٹیٹ نے ا کتوبر 2019ء میں شروع کیے تھے سرکاری اور نجی شعبے کے کلیدی فریقوں کو اکٹھا کرنے کے لیے ہیں تاکہ معلومات کا اشتراک کیا جا سکے اور مالی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کرنے اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو فروغ دینے کے لیے وسیع اثرات کے حامل مسائل کو باہمی تعاون سے حل کیا جا سکے۔اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد،چیئرمین نادرا محمد طارق ملک، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین حاسین اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔