یمن: بارودی سرنگیں 3 ماہ میں 18افراد کی جان لے گئیں

72

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں باروی سرنگ پھٹنے سے 3 ماہ میں 10 بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہو گئے۔ یمنی بارودی سرنگوں سے متعلق واچ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں ملک کے مختلف علاقوں میں امسال اپریل، مئی اور جون کے مہینوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں سے ہلاکتوں اور زخمیوں کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان دھماکوں میں 10 بچوں اور 5 خواتین سمیت 18 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ 32 افراد زخمی ہو ئے، جن میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان دھماکوں سے 50 جانور تلف اور 6 سول گاڑیاں ناکارہ بنیں۔ یمنی حکومت ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں پر ملک کے مختلف مقامات پر 10لاکھ سے زائد بارودی سرنگیں نصب کرنے کا الزام لگاتی ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے وسطی صوبے بیضا میں نئے علاقے آزاد کرا لیے گئے ہیں۔ یمنی فوج کے مرکز نے بدھ کے روز بتایا کہ صوبے کے شمال مشرق میں نعمان کے محاذ پر اہم پیش قدمی کی گئی ہے۔