وفاقی وزیرداخلہ کی اپوزیشن کو مشروط مذاکرات کی دعوت

216

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف ماضی کو بھلا کر آئیں‘ حکومت بات کرنے کو تیار ہے تاہم حکومت شہباز شریف سے پہلی بات الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے شروع کرے گی‘ 5 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی افغان طالبان نہیں ہیں‘ بارڈرمحفوظ ہیں‘ افغان سفیرکی بیٹی سے متعلق بتایاکہ افغان تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد پہنچ چکی ہے‘پولیس حکام کوانکوائری رپورٹ افغان تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے‘نور مقدم کیس میں انصاف کی جتنی کوشش کرسکتا تھا میں نے کی ہے‘ اب ملزم کو پولیس مقابلے میں تو نہیں مروا سکتا ‘ اس کے والدین سمیت ہر رابطے میں رہنے والے بندے کو جیل بھجوا دیا ہے اور پوری امید ہے کہ انہیں عدالت سے سزائیں ہوں گی۔ شیخ رشید نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتدارکے بھوکوں کا جمعہ بازارلگا ہوا ہے‘ اپوزیشن سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں ہے‘ ن اور ش لیگ میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ہے‘ اپوزیشن اب صرف ٹی وی پر رہ گئی‘ ان کی لائن اور لینتھ ایک نہیں‘ن لیگ کے مفاہمت اور مزاحمت سمیت تمام بیانیے آزادکشمیر اور سیالکوٹ میں دفن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدیں محفوظ ہیں‘ افغان مہاجرین نہیں آ رہے‘ پاکستان میں طالبان نہیں ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے جمعرات کو میٹنگ بلالی گئی ہے‘ ہم نہیں چاہتے کوئی کسی کے عقیدے میں مداخلت کرے‘ ان شا اللہ امن و اما ن برقرار رکھنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ داسو دھماکے پرتحقیقات جاری ہیں‘ کسی پر کوئی دبائو نہیں ہے‘ پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبو ط ہے۔