اٹلی: جنگلات کی آگ سے بڑی تباہی‘ شہریوں کا انخلا

297
سسلی (اٹلی): بلند درجہ حرارت کے باعث تفریحی مقام پر درختوں کو آگ لگی ہوئی ہے‘ فائر بریگیڈ امدادی کارروائی کررہا ہے

روم/ ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک)اٹلی میں جنگلات کی آگ کی وجہ سے سسلی کا ہوائی اڈا عارضی طور پر بند کرنا پڑگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اٹلی میں 800 سے زائد مقامات پر فائر بریگیڈ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق فقط سسلی میں ہی ایمرجنسی عملے کو 250بار طلب کیا گیا۔ کاتانیا کے علاقے میں پھنسے تقریباً 150 افراد کو پولیس کی ایک کشتی کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب یونان کو ان دنوں ریکارڈ حد تک شدید گرمی کی طویل لہر کا سامنا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے درجہ حرارت اور زیادہ ہو کر 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ شہری دفاع کے ملکی محکمے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ یونانی دارالحکومت ایتھنز سے ہفتے کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ 3 روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ موجودہ ویک اینڈ پر اور اگلے ہفتے ملک میں اور زیادہ گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ روہڈوز کے یونانی جزیرے پر منگل کو درجہ حرارت تقریباً 44 ڈگری تک پہنچ جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس یورپی ملک کو ان دنوں اتنی زیادہ گرمی کا سامنا ہے کہ رات کے وقت بھی درجہ حرارت بہت زیادہ رہنے لگا ہے۔