جنازے کے شرکا پر اسرائیلی فائرنگ ، نوجوان شہید

202
بیتا (نابلس): شہید کے جنازے میں شہر امڈ آیا ہے‘ مشتعل نوجوان اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں 12 سالہ فلسطینی محمد علامی کو گولیوں سے چھلنی کرنے کے بعد جنازے کے شرکا پر فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان بھی شہید ہوگیا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی،جس کے نتیجے میں 12 سالہ علامی سینے پر گولیاں لگنے سے شہید ہوگیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ، کار میں سوار افراد نے زمین میں کوئی چیز دفن کی تھی۔ چیک کرنے پر تھیلے سے نومولود کی لاش برآمد ہوئی۔ صہیونی اہل کاروں نے کار کو دوسری بار پھر چیک پوسٹ کی جانب آتے دیکھ کر روکنے کا اشاہ کیا، لیکن ڈرائیور نے بات نہ مانی،جس کے باعث اہل کاروں نے فائرنگ کردی۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا محمد علامی کی تدفین کے موقع پر شرکا نے اسرائیلی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جس پر قابض اہل کاروں نے فائرنگ کرکے 20 سالہ لڑکے کے گھر میں صف ماتم بچھادی۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے صہیونی ریاست کو بدترین دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اسے عالمی فوج داری عدالت کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الخلیل شہر میں بیت امر کے مقام پراسرائیلی فوجیوں نے نہتے اور بے گناہ فلسطینی بچے کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 12سالہ لڑکے کو گولیاں مار کر شہید کرنا کھلم کھلا دہشت گردی اور جنگی جرم ہے۔ فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم پر اصرار اس بات کا برملا اظہار ہے کہ صہیونی ریاست خود کوقانون سے بالا تر سمجھتی ہے اور خطے میں اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی بچوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کرنے سے ثابت ہوگیا کہ صہیونی فوج ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشت گردی کی کارروائیاں کررہی ہے۔ غرب اردن میں بسنے والے فلسطینی روزانہ اسرائیلی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔ادھر قابض فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کے سمندر میں کارروائی کے دوران بیت لاہیا کے مقام سے 2فلسطینی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔ غزہ میں ماہی گیر یونین کے عہدے دار زکریا بکر نے بتایا کہ اسرائیلی بحریہ نے ساحل سے 3 کلو میٹر دور سودانیہ کے مقام سے 2ماہی گیروں کو حراست میں لیا۔ زکریا بکر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے نہ صرف انہیں حراست میں لیا، بلکہ ان کی کشتیاں بھی ضبط کرلیں۔