یمن : بس بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ، 14 شہری جاں بحق

377
یمن: بارودی سرنگ کا نشانہ بننے والی منی بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کے علاقے الحدیدہ میں باراتیوں کی بس بارودی سرنگ کی زد میں آگئی، جس سے 14 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے علاقے دریہمی سے باراتیوں سے بھری بس شجیرہ گاؤں جارہی تھی۔ راستے میں بس بارودی سرنگ دھماکے کی زد میں آگئی۔خوفناک دھماکے میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک ہے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں کچھ زخمی اپنے اعضا سے محروم ہوگئے۔ زیادہ تر ہلاکتیں خون بہ جانے کے باعث ہوئیں۔ واضح رہے کہ جنگ زدہ یمن میں سعودی سربراہی میں اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ 2014 ء سے جاری ہے جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب یمن کے علاقے ابین کے ضلع محفد میں شدید بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب میں 7 یمنی بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ محفد 7بچیاں سیلاب میں ڈوب گئیں۔ ہلاک ہونے والی بچیوں کی عمریں 7اور 8سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت صباح محسن علی فیایہ، قبلہ میدی سعید عمر، انتظار میدی سعید عمر، لمیس خضر ناصر عمر، شموخ صالح ناصر عمر، علیا علی صالح عمر اور آمنہ جمال حیدرہ منصور کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پانی میں ڈوبنے والی بچیوں میں سے 6کی لاشیں نکالی لی گئی ہیں، جب کہ ساتویں کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی تمام بچیاں آل جاشح قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں۔