سندھ حکومت نکاٹی ٹو کے قیام پر کام کررہی ہے ،ناصر حسین شاہ

220

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سندھ حکومت نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی طرز پر ایک نئے صنعتی زون’’ نکاٹی ٹو‘‘ کے قیام کی تجویز پرکام تیز کردیا ہے جس کے لیے جگہ کی تلاش جاری ہے اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی) سے باہمی مشاورت کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ یہ بات وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر نکاٹی کے صدر فیصل معز خان کی سربراہی میں سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل اور چیئرمین سب کمیٹی لوکل باڈیز سید یاسر حسین پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تجارت وصنعت کا فروغ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا بھی یہی ویژن ہے لہٰذا روزگار کے وسیع مواقع پیداکرنے اور صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے۔ انہوں نے نکاٹی کے صدر فیصل معز خان کی نشاندہی پرصنعتوں کو طلب کے مطابق پانی کی عدم فراہمی پر ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ صنعتوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن سے متعلق مسائل، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میںواقع فیکٹریوں کو ریگولارائزڈ کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کیپٹن معز خان روڈ کا بھی افتتاح کیا جائے گا جس کا نوٹیفیکیشن بھی جلد جاری کیا جائے گا۔نکاٹی کے صدر فیصل معز خان وزیراطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ نارتھ کراچی کی صنعتوں کو پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں جبکہ ڈی ایم سی سے متعلق مسائل بھی روز بروز بڑھتے جارہے ہیں جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صنعتوں کے فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت کو تجویز پیش کی کہ ’’ نکاٹی ٹو‘‘ کی طرز پر نیا صنعتی زون قائم کیا جائے۔