نمائشی اقدامات سے عوامی مشکلات میں کمی واقع نہیں ہوسکتی،جاوید قصوری

113

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پیٹرول پر سیلز ٹیکس کے ساتھ ساتھ دیگر تمام ٹیکسز میں بھی نمایاں کمی کی جانی چاہیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت فی لیٹر 40روپے تک ٹیکسز وصول کررہی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکمرانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ڈنگ ٹپائو اور نمائشی اقدامات سے عوامی مشکلات میں کمی واقع نہیں ہوسکتی۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے۔ ملک کی 40فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ لوگوں کو دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے۔ بے روزگاری کے باعث لوگ مع اہل و عیال خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ قوم سوال پوچھتی ہے کہ کہاں ہے وہ تبدیلی ،جس میں عوام کو خوشحالی کے خواب دکھائے گئے تھے؟۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے تبدیلی سرکار نے قوم سے خوشیاں چھین لی ہیں۔ گراں فروش اور کمیشن مافیا جب چاہتا ہے اشیا خورونوش مارکیٹ سے غائب کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کردیتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ قوم کو بتایا جائے کہ کورونا پیکیج کے 1240ارب روپے کہاں خرچ کیے گئے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر وہیکلز کے جرمانوں میں 125فیصد تک اضافے کا فیصلہ تشویشناک ہے۔ اس قسم کے اقدامات سے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔