ائر عربیہ ابوظہبی کا پاکستان کیلیے براہ راست پروازوں کا اعلان

441

ابوظہبی (صباح نیوز) ائر عربیہ ابوظہبی نے فیصل آباد اور ملتان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق ائرعربیہ ابوظہبی نے کہا ہے کہ 10 اگست سے ابو ظہبی سے فیصل آباد اور ملتان کے لیے ہفتے میں 2 مرتبہ پروازیں چلائی جائیں گی‘ ابوظہبی سے ملتان کے لیے پروازیں پیر اور بدھ کے روز جبکہ ابوظہبی سے فیصل آباد کے لیے پروازیں منگل اور جمعرات کے روز چلائی جائیں گی۔ ائر لائن نے تمام مسافروں کو ضروری ہدایت میں کہا ہے کہ انہیں چیک ان کے وقت منفی کوڈ19پی سی آر ٹیسٹ کا اصل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جو صرف منظور شدہ لیبارٹریوں سے پرواز کی روانگی سے 72 گھنٹے پہلے حاصل کیا گیا ہو‘12 سال سے کم عمر کے بچے ٹیسٹ سے مستثنا ہوں گے۔