لاہور: الخدمت کے تحت ہزاروں خاندانوں میں گوشت تقسیم

143

لاہور (نمائندہ جسارت) سرپرست الخدمت فائونڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن لاہورنے عید الاضحی پر پر ہزاروں مستحق اور سفید پوش خاندانوں تک قربانی کاگوشت پہنچایا ہے۔ لاہور میں تقریباً 100 اجتماعی قربان گاہوں میں لوگوں کی سہولت کے لیے اجتماعی قربانی کے کام کواحسن طریقہ سے سرانجام دیا گیاہے جس پر تمام علاقوں، این سیز کے ذمے داران اور کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے اس کام کو بخوبی اور احسن طریقے سے سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی مالی فائدے کے خدمت خلق کے جذبے سے اس کام کو سرانجام دینے پر تمام لاہور بھر کے الخدمت فاونڈیشن اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، جنہوں نے اپنی عید کی خوشیاں شہر کے غریب اور مستحق لوگوں کے لیے قربان کیں اور دن رات اجتماعی قربان گاہوں میں سخت گرمی اور حبس میں کام کیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ٹاؤن شپ میں احتماعی قربانی کے مرکز میں غریب اور مستحق خاندانوں میں گوشت کی تقسیم کے مو قع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کیمپ کے انچارچ وسیم اسلم قریشی، ٹاؤن شپ کی یوسیز کے صدر تنویر، ذیشان اورکلیم اسلم ٹیپو، سعد قریشی، اسد قریشی سمیت ٹاؤن اجتماعی قربان گاہ کی پوری ٹیم موجود تھی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد کے ہمراہ علاقہ کے صوبائی اسمبلی کے ممبرسید احسان اللہ وقاص نے مستحق خاندانوں کے افراد میں گوشت بھی تقسیم کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ٹاؤن شپ کے علاقے میں 150 خاندانوں کو قربانی کے گوشت فراہم اور دیگرجملہ انتظامات کرنے پر ذمہ داران سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔