سعودی تیل کمپنی پر سائبر حملہ‘ 5 کروڑ ڈالر تاوان طلب

87

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی تیل کمپنی ارامکو بھی سائبر حملے کا شکار ہوگئی اور ہیکروں نے 5کروڑ ڈالر تاوان طلب کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق سائبر سیکورٹی میں سرمایہ کاری نہ کرنے پر تیل اور گیس کی عالمی صنعت پر طویل عرصے سے تنقید کی جارہی ہے۔ ارامکو کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کمپنی کے ایک ٹھیکیدار کے پاس سے ڈیٹا چوری ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہمارے سسٹم کے نقص کی وجہ سے ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔ اس کا ہمارے آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور کمپنی سائبر سیکورٹی کا جائزہ لے رہی ہے۔ ادھر امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے اپنی رپورٹ میں ڈارک نیٹ پر موجود ایک پیج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ارامکو کا ایک ہزار گیگا بائٹ ڈیٹا ہیکروں کے پاس موجود ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈارک ویب پر 5 کروڑ ڈالر کے بدلے میں ڈیٹا کو حذف کرنے کی پیش کش کی گئی ہے۔ ارامکو کی جانب سے اے پی کی رپورٹ پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل اور گیس کی صنعت کی جانب سے سائبر سیکورٹی کے حوالے سے بے پروائی کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے۔